امریکی شہر بولنگ بروک اور سیالکوٹ ’سسٹر سٹی‘ قرار
بولنگ بروک امریکہ کا تیسرا شہر ہے جو کراچی اور لاہور کے بعد پاکستان کے تیسرے بڑے شہر سیالکوٹ کے ساتھ ’سسٹر سٹی معاہدے‘ میں شامل ہو رہا ہے۔ معاہدے کے نتیجے میں طلبا اور تاجروں کے وفود کے تبادلے ہوں گے اور صنعتی ضروریات کے مطابق فنی تربیت کے مواقع بھی پیدا ہو سکیں گے
واشنگٹن —
امریکی ریاست الی نوائے کے معروف تجارتی شہر بولنگ بروک کو پاکستان کے تاریخی شہر سیالکوٹ کا ’سسٹر سٹی‘ بنانے کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب ہفتے کو بولنگ بروک میں منعقد ہوگی۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ اس سلسلے میں، پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری بولنگ بروک جائیں گے۔
دونوں شہروں کو سسٹر سٹی بنانے کے لئے رپبلیکن پارٹی کے پاکستانی نژاد مقامی رہنما اور بولنگ بروک شہر کی معروف کاروباری شخصیت، طلعت رشید اور ان کی ٹیم گزشتہ دو برسوں سے کوششوں میں مصروف تھی۔
’سسٹر سٹی‘ معاہدے پر بولنگ بروک کے میئر راجر کلار اور پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری دستخط کریں گے۔ اس موقع پر دونوں شہروں کے چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین شہر بھی موجود ہوں گے۔
بولنگ بروک امریکہ کا تیسرا شہر ہے جو کراچی اور لاہور کے بعد پاکستان کے تیسرے بڑے شہر سیالکوٹ کے ساتھ سسٹر سٹی معاہدے میں شامل ہو رہا ہے۔
اس معاہدے کے موقع پر بولنگ بروک شہر کی معروف تجارتی شاہراہ کا نام سیالکوٹ کے نام سے موسوم کیا جائے گا، جبکہ سیالکوٹ میں حاجی پورہ ڈسکہ روڈ کو بولنگ بروک اسٹریٹ کا نام دیا جائے گا۔
معاہدے کے نتیجے میں دونوں سسٹر سٹی کے درمیان طلبا اور تاجروں کے وفود کے تبادلے ہوں گے اور صنعتی ضروریات کے مطابق فنی تربیت کے مواقع بھی پیدا ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی شہر ہیوسٹن کراچی کے ساتھ اور شکاگو لاہور کے ساتھ پہلے ہی سسٹر سٹی معاہدے میں منسلک ہیں؛ جن کے درمیان وفود کے تبادلے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مختلف منصوبوں پر تعاون جاری ہے۔
Post a Comment